ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گرد وں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں ،شاہد نذیر چوہدری

128
Lahore Chamber of Commerce
Lahore Chamber of Commerce

لاہور۔1فروری (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں شرپسندی پھیلانے والے ملک وقوم کے دشمن ہیں ۔ ہفتہ کے روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے اور 12 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے دشمن کو بھرپور جواب دیا۔

انہوں نے اس کامیاب کارروائی میں حصہ لینے والے تمام اہلکاروں کی بہادری، جرات اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے محافظوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔انہوں نے شہدا کے اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں شریک ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پوری قوم کو یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ ملک دشمن عناصر کا ہمیشہ کے لیے قلع قمع کیا جا سکے ۔