ملتان ۔ 18 فروری (اے پی پی):ضلع ملتان میں اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے مینارٹی کارڈ کی تقسیم کا آغاز کردیا گیا ہے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری نے رضا ہال میں منعقدہ پروقار تقریب میں مینارٹی کارڈز تقسیم کئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اراکین اسمبلی و ٹکٹ ہولڈرز شیخ طارق رشید،جاوید اختر انصاری ،رانا اعجاز نون اور بابر شاہ نے بھی اقلیتی مرد و خواتین میں مینارٹی کارڈز تقسیم کئے۔
ڈپٹی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ملتان میں 6 سو سے زائد مینارٹی کارڈز اقلیتی برادری کو فراہم کئے جائیں گے جبکہ مینارٹی کارڈ کے ذریعے ہر 3 ماہ بعد ساڑھے 10 ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے۔ محمد علی بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب اقلیتی برادری کے حقوق بارے خصوصی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ اگلے مرحلے میں تحصیلوں میں بھی مینارٹی کارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔