سانگلہ ہل۔ 02 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منڈی فیض آباد کے نواحی دیہاتوں کا دورہ کیا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ذیشان شبیر ، سی او ضلع کونسل عامر اختر بٹ ، یو سی ایم اوز سمیت دیگر افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف دیہاتوں میں گھر گھر جا کر بچوں کے ہاتھوں پر پولیو ٹیموں کی جانب سے لگائے جانے والے نشانات اور گھرانہ نمبرز کا بغور جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے مختلف لوگوں سے پولیو ٹیموں کی کارکردگی بارے دریافت کیا ، شہریوں نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی پر مکمل اظہار اطمینان کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یقینی بنا رہے ہیں کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران پولیو ٹیموں کی کڑی مانیٹرنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں جاری پولیو مہم کے دوران 02 لاکھ 88 ہزار 8 سو بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ ہے ، پولیو ٹیموں کی جانب سے پہلے تین روز میں 02 لاکھ 75 ہزار 9 سو 77 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں ، کیچ اپ ٹارگٹ میں 18 ہزار 4 سو 72 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیمیں پوری ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہی ہیں ، والدین پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بنائیں۔