حیدرآباد۔ 22 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ کی زیر صدارت ضلع میں کام کرنے والی تمام سماجی تنظیموں کے نمائندوں کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ہمارے ضلع میں ایک پولیو کیس ظاہر ہوا ہے جس کی وجہ سے اب ہمیں آگاہی کے ساتھ ساتھ زیادہ توانائی اور چستی سے انسداد پولیو مہم چلانے کی ضرورت ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ سماجی تنظیموں کے ورکرز کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ انسداد پولیو مہم کی موثر نگرانی کی جاسکے اور ہمارے مستقبل کے معمار صحت مند زندگی گذار سکیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر بہبود آبادی صائمہ خان، تعلقہ صحت آفیسر عبدالطیف شاہ سمیت سماجی تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔