راولپنڈی۔3اکتوبر (اے پی پی):ضلع ٹانک میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 3 اکتوبر 2023 کو سکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک کے عام علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
نتیجتاً دس دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔ مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہے۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اہل علاقہ نے آپریشن کو سراہا ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔