ڈیرہ غازی خان۔ 28 اگست (اے پی پی):ضلع ڈیرہ غازیخان میں گلوبل بریسٹ فیڈنگ ویک کا آغاز کر دیا گیا جو کہ 28اگست سے شروع ہو کر 2ستمبر تک منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر ادریس لغاری کی زیر صدارت اجلاس میں منعقد ہوا جس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر علی ہاشم، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام نوشین زہرا اور دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر بتایاگیاکہ گلوبل بریسٹ فیڈنگ ویک کے دوران نومولود بچے کے لیے ماں کے دودھ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ڈبے والے دودھ کے نقصانات بارے آگاہی دی جائے گی۔سکول ہیلتھ نیوٹریشن سپروائز ر، لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ساتھ مل کر آگاہی مہم چلائیں گے اور ماں کے دودھ کی افادیت بارے گھر گھر پیغام پہنچایا جائیگا۔اس موقع پر ڈاکٹر ادریس لغاری نے بتایا کہ صحت بخش خوراک سے ہی نئی نسل کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے اور قدرتی خوراک کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ مائوں میں بریسٹ فیڈینگ کا رجحان کم ہوتا جا رہا ہے حالانکہ ماں کا دودھ نومولود بچے کی نشوو نماکے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہو گی بریسٹ فیڈینگ ویک کے دوران زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=383396