ڈیرہ غازی خان ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):ضلع ڈیرہ غازی خان میں بجلی چوری روکنے کے حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسد چانڈیہ،پی اے مشتاق ٹوانہ،ایس پی بختیار احمد،ایس ای ملک یعقوب،ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل یاسر جمیل،ٹیکنیکل اسسٹنٹ جاوید بزدار اور واپڈا افسران موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے اور بڑے چوروں کی بجلی فوری طور پر بند کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بجلی چور قومی مجرم ہیں انکے خلاف ایکشن جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کیخلاف ایکشن سے میپکو کی نجی ریکوری میں اضافہ خوش آئند ہے اور تمام افسران بجلی چوری ایکشن کے دوران باہمی روابط کو فروغ دیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میپکو افسران فیڈر وائز روزانہ کا فیڈ بیک شیئر کریں اور یونٹس سپلائی کے مطابق مشترکہ ایکشن کا لائحہ عمل پر تیار کیاجائے۔مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں بھی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن تیز کیا جائے اور بجلی چوری کرانے میں ملوث میپکو سٹاف کو ٹرانسفر کردیا جائے۔