لاہور۔16جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں خدمت کی سیاست کی جیت ہوگی۔
ہفتہ کے روز وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اپنے ایک بیا ن میں کہا کہ عوام عمران نیازی کے فراڈ بیانیے اورپرفریب نعروں کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیں گے،وہ ہماری سیاست کا مقصد عوامی خدمت ہے،عمران نیازی جھوٹ اور فریب کی سیاست کر رہا ہے،عمران نیازی سیاسی مقاصد کے لیے اداروں کی توہین کا بیانیہ اپنائے ہوئے ہے،عوام ووٹ کی طاقت سے اداروں پر حملہ آور لیڈر اور پارٹی کو مسترد کر دیں گے۔
وزیراعلی نے انتظامیہ اور پولیس کو ووٹرز کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ووٹ کی عزت پر پہرہ دے گی، دوران پولنگ کسی بھی شرپسند کو ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے پولیس اور انتظامیہ کو مکمل غیر جانبداری کی ہدایت کر تے ہو ئے کہا کہ ہم ووٹ کی عزت کے قائل ہیں،پولیس اور انتظامیہ ضمنی الیکشن کے لیے آئینی اور قانونی ذمہ داریاں نبھائے اورانتظامیہ الیکشن کمیشن کی ہدایات پر من و عن عمل کرائے۔