سعودی عرب کی وزارت برائے اسلامی امور نے رواں سال ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت عمرہ زائرین کے پہلے گروپ کے خیر مقدم کی تیاریاں مکمل کر لیں۔
ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت عمرہ زائرین کے خیر مقدم کی تیاریاں مکمل، 250 افراد پر مشتمل پہلا گروپ 8 جولائی کو مدینہ منورہ پہنچے گا

مزید خبریں
ریاض ۔6جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت برائے اسلامی امور نے رواں سال ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت عمرہ زائرین کے پہلے گروپ کے خیر مقدم کی تیاریاں مکمل کر لیں۔سرکاری خبر رساں ادارے ( ایس پی اے )کے مطابق 16 ایشیائی ملکوں کے 250 افراد پر مشتمل پہلا گروپ بدھ 8 جولائی کو مدینہ منورہ پہنچے گا۔پہلے گروپ میں انڈونیشیا، فلپائن، ملائیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، ویتنام، میانمار، لائوس، مشرقی تیمور، سنگا پور، چین، جاپان، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، تائیوان اور منگولیا کے عمرہ زائرین شامل ہیں۔وزارت اسلامی امور نے عمرہ زائرین کے لیے ایک متنوع پروگرام تیار کیا ہے جس میں مکہ مکرمہ آمد سے قبل مسجد نبوی کی زیارت، مدینہ منورہ کے تاریخی اور اسلامی مقامات کے دورے شامل ہیں۔یاد رہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ذاتی خرچ پر مختلف ملکوں سے ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کی منظوری دی ہے۔ ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت مختلف مراحل میں شاہی مہمان مملکت پہنچیں گے۔سعودی وزیر اسلامی امور اور شاہی ضیافت پروگرام کے نگران اعلیٰ شیخ عبد اللطیف آل الشیخ نے بتایا کہ شاہی ضیافت پروگرام کے آغاز سے اب تک 140 سے زائد ملکوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی میزبانی کی جا چکی ہے۔







