امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے گزشتہ ہفتے ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد لا پتہ ہونے والے امریکی بحریہ کے اہلکار کی تلاش کے لیے شروع کی گئی کارروائی بند کر دی ہے۔
امریکی فوج نے بحیرہ عرب میں لا پتہ نیوی اہلکار کی تلاش بند کر دی
واشنگٹن۔6جولائی (اے پی پی):امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے گزشتہ ہفتے ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد لا پتہ ہونے والے امریکی بحریہ کے اہلکار کی تلاش کے لیے شروع کی گئی کارروائی بند کر دی ہے۔ بی بی سی کے مطابق امریکی بحری افواج کی مرکزی کمان (سینٹکام) نے گزشتہ روز بیان میں کہا کہ امریکی بحریہ اور فضائیہ کی جانب سے وسیع پیمانے پر کی گئی تلاش کے بعد اب یہ کارروائی ختم کر دی گئی ہے۔ امریکی بحریہ کا اہلکار یکم جولائی کو اس وقت لا پتہ ہوا جب ایم ایچ 60 ایس سی ہاک ہیلی کاپٹر کو بحیرہ عرب میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ اس وقت ہیلی کاپٹر کے چار رکنی عملے میں شامل دیگر تین افراد کو بچا لیا گیا تھا اور انھیں طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ امریکی بحریہ نے کہا ہے کہ لا پتہ اہلکار کا نام اس وقت تک جاری نہیں کیا جائے گا جب تک اس کے قریبی رشتہ داروں کو مطلع نہ کر دیا جائے اور خاندان کو اطلاع دیئے جانے کے بعد کم از کم 24 گھنٹے نہ گزر جائیں۔









