اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، این ایس جی کے رکن ملکوں کا اصولی موقف جوہری عدم پھیلاﺅ اور تزویراتی استحکام کیلئے اہم ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو این ایس جی کے اندر رکنیت کیلئے بلاتفریق حامی ممالک کے سفیروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ بریفنگ کیلئے مدعو کئے گئے سفیروں کا تعلق گروپ کے ہم خیال ممالک سے تھا جو ان ملکوں کی رکنیت میں توسیع کے بارے بلاامتیاز ضابطہ کار کے حامی ہیں جو ایٹمی عدم پھیلاﺅ کے معاہدے میں شامل نہیں ہیں۔ معاون خصوصی نے این ایس جی کی رکنیت کیلئے پاکستان کی اہلیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا امید یہ ممالک رکنیت کیلئے بلاتفریق موقف پر ثابت قدم رہیں گے۔ انہوں نے اس معاملہ پر ان ممالک کے اصولی موقف کو سراہا جو جنوبی ایشیاءمیں جوہری عدم پھیلاﺅ اور تزویراتی استحکام کیلئے اہم ہے۔ معاون خصوصی نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کیلئے پاکستان کی مضبوط اہلیت کو اجاگر کیا جس میں برآمدی کنٹرول اور ایٹمی تحفظ اور سلامتی کیلئے اہم اقدامات کے علاوہ عدم جوہری پھیلاﺅ کا پاکستان کا مضبوط عزم شامل ہے۔