طلبا انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں خود کو ہنرمند بنائیں، بلوچستان کے نوجوان کامیاب جوان پروگرام سے استفادہ کریں، صدر ڈاکٹر عارف علوی کی بلوچستان ریذیڈنشل کالج لورالائی کے طلبا کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ طلبا انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں خود کو ہنرمند بنائیں، حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، بلوچستان کے نوجوان کامیاب جوان پروگرام سے استفادہ کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بلوچستان ریذیڈنشل کالج، لورالائی کے طلبا کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بلوچستان کے طلبا و طالبات حکومتی تعلیمی سکالرشپ سکیم سے فائدہ اٹھائیں، حکومت احساس سکالرشپ پروگرام کے تحت 50 ہزار سکالرشپ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبا اپنی تعلیم پر توجہ دیں، ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ طلبا انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں خود کو ہنرمند بنائیں، حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، بلوچستان کے نوجوان کامیاب جوان پروگرام سے استفادہ کریں، نوجوان کامیاب پروگرام کے تحت آسان شرائط پر کاروباری قرضے حاصل کر سکتے ہیں۔

طلبا نے صدر مملکت کو اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے طلبا کو ان کے مسائل حل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔