چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے طلبہ کو ملک کے مستقبل کے معمار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تعلیم کے حصول کواعلیٰ کارکردگی، قومی خدمت اور اتحاد کے تاحیات مشن میں تبدیل کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد میں دانش سکول میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
طلبہ تعلیم کے حصول کواعلیٰ کارکردگی، قومی خدمت اور اتحاد کے تاحیات مشن میں تبدیل کریں، رانا مشہود احمد خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے طلبہ کو ملک کے مستقبل کے معمار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تعلیم کے حصول کواعلیٰ کارکردگی، قومی خدمت اور اتحاد کے تاحیات مشن میں تبدیل کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد میں دانش سکول میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا مقصد مراعات کی رکاوٹوں کو ختم کرنا اور پاکستان کے ہر خطے سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت بچوں کے لیے مواقع کے دروازے کھولنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دانش سکول کے طلبہ نے ملک بھر سے میرٹ پر مبنی انتخابی عمل کے ذریعے اپنا مقام حاصل کیا ہے ۔ رانا مشہود احمد خان نے اس اقدام کو اثر و رسوخ اور ذاتی تعلقات کے استعمال کے کلچر سے فیصلہ کن دوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ذاتی اثر و رسوخ کے کلچر کو ختم کر دیا ہے، کسی بچے کی کامیابی کے مواقع کا تعین مراعات کے بجائے صلاحیت کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کم مراعات یافتہ پس منظر سے تعلق رکھنے والے بچوں میں غیر معمولی صلاحیتیں موجود ہیں اور جب انہیں معیاری تعلیم اور مساوی مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ان لوگوں سے بھی آگے نکل سکتے ہیں جنہیں زیادہ مواقع حاصل ہوتے ہیں۔انہوں نے حال ہی میں دانش سکول کے ایک طالب علم کی جانب سے بورڈ امتحانات میں پنجاب بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی نوجوان نسل کی صلاحیت اور عزم کا بھرپور ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان، خیبر پختونخوا، وزیرستان، سندھ، گلگت بلتستان اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ پاکستان کے تنوع اور قومی طاقت کی جیتی جاگتی مثال ہیں۔
ان علاقوں کے عوام کی پاکستان کے لیے دی گئی قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ ملک اپنے بزرگوں کے خون، بہادری اور عزم سے تعمیر ہوا ہے اور اسے نفرت یا تقسیم کے ذریعے کبھی کمزور نہیں ہونے دینا چاہیے۔انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قیام صوبائی اور نسلی شناختوں سے بالاتر تھا، آج کوئی سندھی، بلوچی، پٹھان، پنجابی یا کشمیری نہیں بلکہ سب اس سبز پرچم تلے پاکستانی ہیں۔رانا مشہود نے خبردار کیا کہ نفرت، تقسیم اور گمراہ کن اطلاعات کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوششیں روایتی خطرات جتنی ہی خطرناک ہو سکتی ہیں ۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ قومی اتحاد اور یکجہتی کے محافظ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بارہا اپنی خودمختاری کے دفاع کے عزم اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے اور بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران بھی اپنی طاقت کا ایک بار پھر بھرپور اظہار کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ براہ راست جارحیت کو روکا جا سکتا ہے، تاہم سازشوں کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں جاری رہ سکتی ہیں، اس لیے تعلیم یافتہ، پراعتماد اور متحد نوجوان ملک کی مضبوط ترین ڈھال ہیں۔رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا اور علاقائی امن اور سفارت کاری کے لیے تعمیری کردار ادا کرے گا۔
رانا مشہود احمد خان نے طلبہ کو تعلیم پر ثابت قدم رہنے، اپنے اساتذہ اور والدین کا احترام کرنے اور دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کی اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ دوسروں کے لیے بھی تبدیلی کا ذریعہ بنیں اور کامیابی کو ان لوگوں سے دوری کا سبب نہ بننے دیں جو ابھی جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب آپ کسی مقام پر پہنچ جائیں تو نیچے سے آنے والے کسی شخص کا ہاتھ تھام لیں۔
رانا مشہود نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ دوسروں کے لیے روشنی کا ذریعہ بنیں اور ایک روشن پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ آپ کو ایک شمع بننا ہے اور اپنی لو سے دوسری شمع روشن کرنی ہے۔تقریب کا اختتام پر رانا مشہود احمد خان نے طلبہ کے ساتھ ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے اور یومِ آزادی کی تقریب اتحاد، عزم اور ملک کی خدمت کے عہد میں تبدیل ہوگئی۔







