فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) ہیڈکوارٹرزمیں پاکستان کے 80ویں یوم آزادی کے سلسلے میں پُروقار تقریب کاانعقاد کیا گیا ،جس کے مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسرفیسکو انجینئرمحمد عامر تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج یوم آزادی کے روز ہمیں کلمہ شکر ادا کرنا چاہیئے کہ ہم ایک آزاد اور باوقار ملک کے باسی ہیں جہاں ہم اپنے تمام تر مذہبی عقائدکے ساتھ آزاد زندگی گزار رہے …
فیسکو ہیڈ کوارٹرز میں پاکستان کے 80 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں پروقار تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) ہیڈکوارٹرزمیں پاکستان کے 80ویں یوم آزادی کے سلسلے میں پُروقار تقریب کاانعقاد کیا گیا ،جس کے مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسرفیسکو انجینئرمحمد عامر تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج یوم آزادی کے روز ہمیں کلمہ شکر ادا کرنا چاہیئے کہ ہم ایک آزاد اور باوقار ملک کے باسی ہیں جہاں ہم اپنے تمام تر مذہبی عقائدکے ساتھ آزاد زندگی گزار رہے ہیں،ہمارے بزرگوں نے آزادی خاردار راہوں سے گزر کر حاصل کی،
انہیں اپنے لہو سے آزادی کے نعرے لکھنے پڑے، عزت، جان و مال اور آبرو کی قربانیاں دینا پڑیں تب جا کر غلامی کی زنجیروں کو جہد مسلسل کے بعد توڑنے میں کامیاب ہوئے اورپا کستان دنیا کے نقشے پر ایک الگ اسلامی نظریاتی مملکت کے طور پر ابھرا،ہم آج کے دن اُن شہدائے آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنا کل ہمارے آج کیلئے قربان کر دیا۔اُن کی قربانیوں کا قرض ہم صرف اسی صورت میں ادا کر سکتے ہیں کہ ہم ان کے خوابوں کے مطابق ایک ترقی یافتہ، پرامن، اور خود کفیل پاکستان کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیئے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنی تما م تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنے ملک پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے اور اقوام عالم میں اسے نمایاں مقام دلائیں گے،ہمیں ہر قسم کے حالات،مصیبتوں اوردرپیش پریشانیوں کا اجتماعی طور پر سامنا کرناہوگا کیونکہ ہم زندہ قوم ہیں اور قوموں پر جب مصیبت اور آزمائش آتی ہے تووہ مل جل کر اس کا مقابلہ کرتی ہیں۔چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر نے مزید کہا کہ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری سے نبھائیں گے اورپاکستان کو توانائی، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھیں گے۔
انہوں نے اس موقع پر فیسکو کے شہداء کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیوں کو بھی فیسکو کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ،جن کی زندگیوں کے چراغ صارفین کے گھروں کو روشن کرتے ہوئے بجھ گئے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنی تمام تر بہتری صلاحیتوں کو بروئے کا رلاتے ہوئے اپنے ملک اور قوم کیلئے کام کریں کیونکہ وطن کی ترقی سے ہی ہمارا مستقبل اورنسل نو کا مستقبل وابستہ ہے،آج کے اس لازوال قربانیوں کے دن کی مناسبت سے تمام فیسکو افسران و ملازمین بھی کمپنی کی بہتری اور اسے ترقی کی مزید منازل تک پہنچانے کیلئے مزید محنت اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں، ادارے مضبوط ہوں ہوگے تو ملک ترقی کرے گا۔
چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر نے ڈی جی ایڈمن فرخ آفتاب اور ان کی ٹیم کوکامیاب تقریب پر مبارکباد ی۔قبل ازیں تقریب کے تمام شرکاء نے چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر کی قیادت میں پرچم کشائی کی، قومی ترانہ پڑھااورجشن آزادی کا کیک کاٹا۔چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئر محمد عامر نے اس موقع پرتقریب میں موجود بچوں میں مٹھائی اور تحائف تقسیم کئے۔تقریب میں فیسکو کے جنرل مینجرز، چیف انجینئرز،ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، دیگر فیسکو افسران کے علاوہ فیسکو ملازمین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔فیسکو ہیڈکوارٹرز،سرکل اور ڈویژن دفاتر سمیت گرڈسٹیشنوں کی بلڈنگز پر جشن آزادی کے حوالے سے خصوصی چراغاں کیاگیا اورفیسکو کے تمام سرکلز میں پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔






