عائشہ ایازایک دن اولمپک میں بھی ملک کا نام روشن کریں گی، صوبائی وزیرکھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر

لاہور۔2فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے عالمی ریکارڈ یافتہ کم عمر 14سالہ عائشہ ایاز کو 3لاکھ روپے کا چیک دیا اور اپنی ذاتی جیب سے بھی ایک لاکھ روپے کا انعام دیا ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے وزیراعلیٰ کی نوجوان اتھلیٹس کے لیے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کھیلوں کے فروغ اور نوجوان …

لاہور۔2فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے عالمی ریکارڈ یافتہ کم عمر 14سالہ عائشہ ایاز کو 3لاکھ روپے کا چیک دیا اور اپنی ذاتی جیب سے بھی ایک لاکھ روپے کا انعام دیا ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے وزیراعلیٰ کی نوجوان اتھلیٹس کے لیے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی عملی سرپرستی پر یقین رکھتی ہیں،یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان کی بیٹیاں عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہی ہیں۔صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ سوات کی رہائشی عائشہ ایاز محض ایک علاقے کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی بیٹی ہیں اور ہم سب کا فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ صرف14 سال کی عمر میں11 بین الاقوامی میڈلز اور مجموعی طور پر 150 سے زائد میڈلز جیتنا ایک غیرمعمولی کارنامہ ہے،جو عائشہ ایاز کو پاکستان کی سب سے کم عمر اور کامیاب بین الاقوامی تائیکوانڈو ایتھلیٹ بناتا ہے۔

وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے عائشہ ایاز کے والد محمد ایاز خان کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جو نہ صرف ایک باپ ہیں بلکہ اپنی بیٹی کے کوچ بھی ہیں۔صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھرنے کہا کہ والد اور بیٹی کا یہ مضبوط رشتہ، محنت، اعتماد اور قربانی کی اعلیٰ مثال ہے،جو ہر والدین کے لیے قابلِ تقلید ہے۔انہوں نے محمد ایاز خان کی انتھک محنت اور عائشہ ایاز کی تربیت کو عائشہ کی کامیابیوں کی بنیاد قرار دیا۔صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ عائشہ ایاز جیسے باصلاحیت کھلاڑی مستقبل میں اولمپکس میں پاکستان کا پرچم بلند کریں گی اور حکومت پنجاب ایسے ٹیلنٹ کی سرپرستی کو اپنی اولین ترجیح بنائے ہوئے ہے۔عائشہ ایاز نے اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز اور صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی حوصلہ افزائی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے باعثِ حوصلہ ہے اور وہ مستقبل میں بھی پاکستان کے لیے مزید اعزازات جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گی۔

اس موقع پر وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب ملک سلیمان، سیکرٹری سپورٹس محمد علی، ڈائریکٹرایڈمن عابد شوکت اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔