اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنزاینڈ کوآرڈینیشن نے وزیراعظم کی منظوری سے عائشہ رضا فاروق کو اعزازی طورپر وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو کا خاتمہ مقرر کر دیاہے۔ ان کاتقرر فی الفور کیاجارہا ہے۔ عائشہ رضا فاروق وزیراعظم کو پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں اور تازہ ترین صورتحال سے باقاعدگی سے آگاہ کریں گی جبکہ صوبائی، ضلعی اور وفاقی سطح پر نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے وفاقی حکومت کی طرف سے اقدامات اٹھانے سے متعلق وزیراعظم کو مشاورت بھی فراہم کریں گی۔
عائشہ رضافاروق پولیو تدارک کے حوالےسے قومی ٹاسک فورس کی باقاعدہ میٹنگ کا انعقاد میں سہولت کریں گی اور انسداد پولیو مہمات کی نگرانی کے ساتھ ساتھ تمام سٹیک ہولڈرزبشمول بین الاقوامی شراکت داروں کو رہنما ئی فراہم کریں گی تاکہ مہم کی کوریج کو بہتربنایا جا سکے۔ عائشہ رضا فاروق پولیو تدارک پروگرام کی مرکزی سطح پر تمام سرگرمیوں کی رہنمائی کریں گی۔ ماہانہ اور ہفتہ وار نیشنل سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاسوں کی صدارت کریں گی۔
پولیو تدارک کے حوالے سے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے نیشنل کوآرڈینیٹر سےمل کر قومی اور بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں اور دیگر عطیہ دہندہ تنظیموں کے ساتھ پولیو تدارک کے لئے وسائل پیداکرنے کے حوالے سے مذاکرات کاانعقاد کریں گی اور وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآردینیشن کے ساتھ قریبی رابطےمیں کام کریں گی اور پولیو سے متعلق مسائل کے خاتمے کے لئے بروقت اور موثر کردار ادا کریں گی۔وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنزاینڈ کوآرڈینیشن نے درج بالا ٹی او آرز کے تحت ان کے تقرر کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیاہے۔