فیصل آباد۔20جون (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور نے کہا کہ پاکستان سے فریضہ حج کی سعادت کے حصول کیلئے حجاز مقدس روانہ ہونیوالے فرزندان اسلام سعودیہ میں اپنے وطن کے سفیر ہیں جنہیں مناسک حج کی ادائیگی کے دوران تمام ممکن اور سستی ترین سہولیات فراہم کریں گے۔
پیر کو فیصل آبادآمد اور حاجی کیمپ سرگودھا روڈکے دورہ کے دوران عازمین حج سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ فیصل آباد سے مجموعی طورپر 1588 مرد و خواتین اس دفعہ حج کیلئے روانہ ہوں گے جن میں سے 1167حاجی اسلام آباد ایئر پورٹ سے روانہ ہو چکے ہیں جبکہ باقی421فرزندان توحید آج اسلام آباد ایئر پورٹ سے مکہ کیلئے عازم سفر ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ تمام عازمین سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہیں لہٰذا انہیں چاہیے کہ وہ وہاں پر اپنے کردار سے ثابت کریں کہ وہ ایک اچھے اور قانون پر عمل کرنے والے پا کستانی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس دفعہ پنجاب میں 5حاجی کیمپوں کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں پر حکومت کی طرف سے تمام حاجیوں کو بہترین سہولیات بہم پہنچائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہاں ان کے تربیتی سیشن و میڈیکل مکمل کئے گئے ہیں جہاں کورونا کی ویکسی نیشن بھی مکمل کروائی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مکہ روڈ پیکیج کے تحت اس دفعہ فیصل آباد سے تمام حاجی براستہ اسلام آباد ایئر پورٹ روانہ ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے اس دفعہ سعود ی حکام سے بات چیت کے بعد یہ مکہ روڈ پیکیج اسلام آباد ٹو سعودی عرب منظور کروایا ہے۔انہوں نے کہاکہ قبل ازیں اس ضمن میں فیصل آباد اور سیالکوٹ سے تمام حاجیوں کے سعودی عرب ایئر پورٹ پر امیگریشن کلیئرنس میں پانچ چھ گھنٹے ضائع ہوتے تھے لیکن اب ادھر اسلام آباد ایئر پورٹ پرہی سعودی حکام تمام حاجیوں کے پاسپورٹ و دیگر دستاویزات کو کلیئرنس کر کے بھجوائیں گے تاکہ ان کا سعودی عرب میں ضائع ہونے والا یہ ٹائم بچ سکے اور وہ سیدھے اپنے ہوٹل میں پہنچ جائیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ پیکیج اس دفعہ صرف اسلام آباد کیلئے جبکہ آئندہ سال ملک کے دیگر ایئر پورٹس پر بھی لاگو ہو گا۔انہوں نے کہاکہ حرم نبویؐ ایک انتہائی مقدس مقام ہے لہٰذااس کے تقدس کو بحال رکھا جائے اسلئے ان کی تمام حاجیوں سے گزارش ہے کہ وہ ان مقدس مقامات پر جا کر اس سرزمین کے آداب کا خاص خیال رکھیں۔انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومت کی 4سالوں میں نافذ کردہ پالیسیوں سے یہ ملک اس وقت بڑے مشکل حالات سے گزر رہا ہے اسی وجہ سے حج کے اخراجات میں بھی بے تحاشا اضافہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ان کی اور مولانا فضل الرحمن کی کوششوں سے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کو سبسڈی پر آمادہ کیاگیا اور سعودی حکام سے اخراجات کے ضمن میں کمی کیلئے خود بات چیت کر کے 10لاکھ میں ہونے والا حج ساڑھے 6لاکھ میں منظور کروایا گیا۔انہوں نے کہا کہ وہ چیلنج کرتے ہیں کہ دنیا بھر سے اس دفعہ صرف پاکستان میں ہی سستا ترین حج ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی حاجیوں کیلئے مکہ کے بالکل قریب ہی ہوٹلز بک کروائے اور سستے پیکیج کے تحت ہر حاجی کیلئے لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ کم کروائے گئے۔انہوں نے کہاکہ حج کے دوران وہ بھی سعودی عرب میں ہوں گے اور براہ راست تمام تر انتظامات کاجائزہ لیتے رہیں گے لہٰذااگر کسی حاجی کو کوئی شکا یت ہو تو وہ براہ راست ان سے رابطہ کر سکتا ہے۔اس موقع پرڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر نے کہاکہ اس سال تقریباً 8سے 10لاکھ مسلمان فریضہ حج ادا کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام متعلقہ بینکوں نے کوآپریٹو کالج سرگودھا روڈفیصل آباد میں قائم حاجی کیمپ میں عازمین حج کی سہولت کیلئے اپنی شاخیں قائم کررکھی ہیں تاکہ پری حج آپریشن کے ضمن میں حجاز مقدس روانہ ہونیوالے فرزندان اسلام کو کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کر نا پڑے نیز متعلقہ حکام سے کہا گیا ہے۔