اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری، وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے 24/7 نگرانی اور تیز رفتار ردعمل کا نظام فعال کر دیا ہے تاکہ عازمین حج کے لئے معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مانیٹرنگ سسٹم چوبیس گھنٹے فعال طور پر کام کر رہا ہے تاکہ عازمین حج کو درپیش کسی بھی مسئلے کو حل کیا جا سکے ۔ انہوں نے پاکستانی عازمین حج پر زور دیا کہ غلط معلومات کو نظر انداز کرتے ہوئے سعودی حکومت کے ضوابط پر عمل کریں۔ ریڈیو پاکستان کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران ڈاکٹر عطاء الرحمان نے وزارت کے فعال اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حاجیوں کی سہولت اور ان کی مشکلات کوفور ی طور پر دور کرنے کے لیے 24/7 نگرانی کا نظام موجود ہے۔
انہوں نے سعودی قوانین پر عمل کرنے اور غیر تصدیق شدہ معلومات کو نظر انداز کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال حج کے دوران پاکستانی عازمین کیلئے صفائی ستھرائی، خوراک کی تقسیم اور صحت کی دیکھ بھال کے لیے اعلیٰ معیار کے انتظامات کیے گئے ہیں اورسعودی حکام کے مقرر کردہ معیارات پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی حج سکیم نے قبل از حج فلائٹ آپریشنز کے کامیاب اختتام کے ساتھ ایک قابل ذکر سنگ میل حاصل کیا ہے، جس میں محتاط منصوبہ بندی اور بغیر کسی رکاوٹ کے عمل درآمد کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ڈاکٹر عطاء الرحمن نے حجاج کرام سے گرمی کے موسم میں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا، ہائیڈریٹ رہنے، سورج سے بچنے اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لیے صحت کے رہنما اصولوں پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603944