عالمی ادارہ صحت نے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے 30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ادویات اور سرجیکل آلات حکومت پاکستان کے حوالے کر دیں

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے میرپور آزاد کشمیر کے متاثرین زلزلہ کےلئے امداد کے طور پر 30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ادویات اور سرجیکل آلات حکومت پاکستان کے حوالے کی ہیں جو فوری طور پر میرپور آزاد کشمیر کےلئے بھجوائی جا رہی ہیں۔ وزارت صحت کی جانب سے جاری …

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے میرپور آزاد کشمیر کے متاثرین زلزلہ کےلئے امداد کے طور پر 30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ادویات اور سرجیکل آلات حکومت پاکستان کے حوالے کی ہیں جو فوری طور پر میرپور آزاد کشمیر کےلئے بھجوائی جا رہی ہیں۔ وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈبلیو ایچ او اور وزارت صحت کی ایک مشترکہ ٹیم نے ہنگامی بنیادوں پر میرپور آزاد کشمیر کے متاثر علاقوں کا دور کیا تھا تاکہ صحت کے حوالہ سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگایا جا سکے۔ اس مشترکہ ٹیم نے 18 گھنٹوں کے اندر ہنگامی بنیادوں پر نقصانات کا اندازہ لگانے کے بعد ادویات، سرجیکل آلات اور ضرورت کے مطابق مشینری اکٹھی کی جسے آج ہم نے متاثرین زلزلہ کےلئے روانہ کر دیا ہے۔ وزارت صحت مشکل اور دکھ کی گھڑی میں آزاد کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہم آزاد کشمیر کے وزیراعظم اور وزیر صحت کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہیں، ہمارے ہسپتالوں کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز آزاد کشمیر کے ہسپتالوں کی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ میں ہیں تاکہ ان کی ضروریات کے مطابق امداد مہیا کی جا سکے۔ میرپور کے گرد و نواح میں بنیادی ہیلتھ سنٹرز کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے، ہماری ٹیمیں وہاں بھی جا رہی ہیں۔ میں عالمی ادارہ صحت کا مشکور ہوں جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

مزید خبریں