عالمی افہام و تفہیم اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کیلئے تعلیمی میدان میں تعاون ضروری ہے، وائس چانسلر جامعہ اردو

178
Federal Urdu University

کراچی۔ 23 جون (اے پی پی):وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون،سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے عالمی افہام و تفہیم اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کیلئے تعلیمی میدان میں تعاون کی اہمیت پرزور دیا ہے۔

یہاں اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے پولینڈ کے شہر اولیشٹن میں منعقدہ ہونے والی دوسری پولش پاکستانی بین الاقوامی سائنسی کانفرنس میں اپنے خطاب میں کہی۔پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے کہا کہ یہ کانفرنس پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تعلیمی میدان میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے پروگراموں اور تحقیقی اقدامات کو فروغ دینے میں اہم ہے ان کاوشوں سے دونوں ممالک کو فوائد حاصل ہوئے ہیں۔

دوسری پولش-پاکستانی بین الاقوامی سائنسی کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں پاکستان اور پولینڈ کے نامور اسکالرز اور معززین نے شرکت کی ہے۔اس کانفرنس کا اہتمام انسٹی ٹیوٹ آف پولیٹیکل سائنس، یونیورسٹی آف وارمیا اور مازوری اولیشٹن،پولینڈ اور شعبہ بین الاقوامی تعلقات وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی نے مشترکہ طور پر کیا۔دو روزہ کانفرنس کے دوران 50 سے زائد تحقیقی مقالے پیش کیے گئے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ کانفرنس گزشتہ کانفرنس کا تسلسل ہے جو دسمبر 2022 میں کراچی میں منعقد ہوئی تھی