اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):پارلیمنٹ ہاؤس میں پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس بدھ کو چیئرمین کمیٹی شہریار آفریدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں شہید کشمیری حریت رہنماؤں کیلئے فاتحہ خوانی جبکہ کشمیریوں کی جدوجہد خود ارادیت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔وزیر خارجہ نے اراکین کمیٹی کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے شہری کورونا وائرس کی وبا کے دوران دوہرے لاک ڈاؤن کا سامنا کر رہے ہیں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں کورونا وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے تنازعات کے باوجود بھارت کو انسانی بنیادوں پر معاونت کی پیشکش کی مگر تاحال بھارت کی طرف سے کوئی مثبت جواب سامنے نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی تیسری لہر کے تناظر میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں طبی سہولیات کے فقدان کو پیش نظر رکھتے ہوئے عالمی برادری اور بین الاقوامی ہیلتھ ایجنسیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں صحت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے "ہیلتھ کاریڈور” کے قیام کیلئے اقدامات کرے۔کورونا وائرس کی وبا کےدوران دنیا بھر میں، وطن واپسی کے منتظر لاکھوں پاکستانیوں کو واپس لانے میں پی آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں نے قابل ستائش کردار ادا کیا