
اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کے چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہا ہےکہ عالمی برادری اور عالمی طاقتیں سفاک بھارت کو بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں قتل و غارت گری بند کرنے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کو یقینی بنانے پر مجبور کریں۔پیر کو ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال نے کہا کہ تقریباً 10 لاکھ بھارتی قابض افواج نے 80 لاکھ کشمیریوں کو حراست میں لے کر مقبوضہ علاقے کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیلوں میں تبدیل کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی بدترین شکل کا سامنا کرنے کے باوجود مقبوضہ وادی کے عوام نے ہمیشہ غیر معمولی جرات، طاقت اور لچک کا مظاہرہ کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ فاشسٹ بھارت وحشیانہ طاقت کا استعمال کرکے ان کی مرضی کو نہیں توڑ سکتا۔ انہوں نےکہا کہ میں اپنی کشمیری ماؤں، بہنوں، بزرگوں اور بھائیوں کو ان کی قربانیوں اور ان کے ناقابل تسخیر جذبے کو ان کے انصاف اور پیدائشی حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کرنے پر سلام پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جمہوری ریاست نہیں بلکہ ایک دہشت گرد ملک ہے کیونکہ اس کی فوجیں معصوم کشمیریوں کی نسل کشی میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج سری نگر میں اتریں اور بین الاقوامی قانون اور انسانی اصولوں کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے لوگوں کو غیر قانونی طور پر قابض اور محکوم بنایا۔
مشعال ملک نے کہا کہ ہندوستانی وحشی قوتوں نے ہندوستانی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی انتہاکی، جنہوں نے مقبوضہ وادی میں اختلافی آوازوں کو خاموش کرنے کے لئے تمام وحشیانہ حربے استعمال کئے۔حریت رہنما نے کہا کہ ہندوستان اپنے آپ کو انسانی حقوق کا چمپئن ظاہر کرتا ہے، جب کہ ہندوستان میں رہنے والی اقلیتوں اور غیر ہندو برادریوں کو آر ایس ایس کی حمایت یافتہ فاشسٹ مودی سرکار کے ذریعے ستایا جاتا ہے۔
چیئرپرسن نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ جنگی جرائم کے ارتکاب سے بھارتی افواج کو روکنے میں دنیا کی بے حسی اور بے عملی کی وجہ سے ہندوتوا حکومت کا مزید حوصلہ بڑھا اور بھارت کے دوسرے حصوں سے شہریوں کو لا کر کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کا سہارا لیا۔