عالمی برادری بھارت کے یکطرفہ اقدامات کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کے لِئےکردار ادا کرے، رکن قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو معطل کرکے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کی جو ایک غیر قانونی، غیر آئینی اور غاصبانہ اقدام تھا جسے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کے …

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو معطل کرکے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کی جو ایک غیر قانونی، غیر آئینی اور غاصبانہ اقدام تھا جسے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کے علمبرداروں نے مسترد کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست کا دن کشمیری عوام کے لئے ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتا ہے جسے یومِ استحصال کے طور پر منایا جا رہا ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس دن کو منانے کا مقصد کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔

ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا کہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں نے گزشتہ کئی دہائیوں سے آزادی کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں، ان کی جدوجہد آزادی ایک حق ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اﷲیہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری عوام اپنی منزل ضرور حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، عوام اور تمام سیاسی جماعتیں کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گی، ہم ہر فورم پر ان کا مقدمہ لڑتے رہیں گے۔ملک شاکر بشیر اعوان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خود ارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔