اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کی فوری طور پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معاشی انہدام اور انسانی بحران کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے معاشی مدد پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عالمی برادری صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرے گی اور افغان عوام کی مشکلات کے خاتمہ میں مدد کیلئے منجمد اثاثوں کو فوری جاری کرنے کیلئے اقدامات کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ٹرائیکا پلس کے خصوصی نمائندوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ٹرائیکا پلس (چین، روس، امریکہ اور پاکستان) کے خصوصی نمائندوں نے ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹرائیکا پلس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسلام آباد میں افغانستان کی صورتحال اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پیشرفت سے متعلق کامیاب اجلاس کے انعقاد پر خصوصی نمائندوں کو مبارکباد دی۔
وزیراعظم عمران خان نے پورے خطہ کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے افغانستان میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ مسلسل اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں، اسی طرح پاکستان نے تمام فریقوں کی شمولیت پر مبنی سیاسی حل کی حمایت کی ہے، بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم نے شمولیت، انسانی حقوق کا احترام اور انسداد دہشت گردی کے پرعزم اقدامات پر زور دیا۔
وزیراعظم نے باہمی خدشات سے نمٹنے اور ٹرائیکا پلس ممالک کے مشترکہ مفاد کے فروغ کیلئے افغانستان میں عالمی برادری کی عملی سوچ اور تعمیری مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے فوری طور پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معاشی انہدام اور انسانی بحران کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے افغانستان کی معاشی مدد پر زور دیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرے گی اور افغان عوام کی مشکلات کے خاتمہ میں مدد کیلئے منجمد اثاثوں کو فوری جاری کرنے کیلئے اقدامات کرے گی۔ وزیراعظم نے اس تناظر میں ٹرائیکا پلس کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔