
اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں سنگین صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے بھارت کو انسانی حقوق کی پامالیوں اور دیگر غیر قانونی اقدامات سے روکے ، اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے پر امن حل کے لئے اقدامات کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے منگل کو یہاں سفارتی مشن کے سربراہان کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے بریف کیا اور بھارتی قابض فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی مجموعی اور منظم خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔
سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی بھارتی غیر قانونی کوششوں اور ان اقدامات سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔سیکرٹری خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور دیگر غیر قانونی اقدامات سے روکے۔سیکرٹری خارجہ کی غیر ملکی سفارتی مشنز کو بریفنگ بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر اور خطے سے متعلق پیشرفتوں سے پوری طرح آگاہ رکھنے کے لئے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کا حصہ ہے۔