عالمی برادری پاکستان کے سیلاب زدہ عوام کے لئے ان کے یکجہتی کے جذبات کو حقیقت کا روپ دے کر مصیبت زدہ انسانوں کی فوری ضروری امداد اور بحالی کے لئے عملی اقدامات کرے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

Muhammad Shahbaz Sharif's
Muhammad Shahbaz Sharif's

نیویارک۔20ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے سیلاب زدہ عوام کے لئے ان کے یکجہتی کے جذبات کو حقیقت کا روپ دے کر مصیبت زدہ انسانوں کی فوری ضروری امداد اور بحالی کے لئے عملی اقدامات کرے۔ وزیراعظم جو اس وقت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کے لئے امریکہ کے دورے پر ہیں، نے ایک نجی ٹیلی ویژن چینل (جیو نیوز) کو بتایا کہ ان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں کے ساتھ “حوصلہ افزا” بات چیت ہوئی۔

انہوں نے آسٹریا کے چانسلر اور ہسپانوی ہم منصب پیڈرو سانچیز اور دیگر کے ساتھ اپنی دو طرفہ ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر عالمی برادری کو پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن اور سلامتی کے مسائل پر اعلیٰ سطحی مباحثے میں اپنے خطاب میں خاص طور پر موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث تباہ کن سیلاب کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال کو اجاگر کرنے کے لئے پاکستان کا تین بار ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے سیلاب زدہ پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کی بھی بات کی تاہم اس یکجہتی کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ سیلاب کے علاوہ مسئلہ کشمیر بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ان کی تقریر کا حصہ ہوگاتو وزیر اعظم نے جواب دیا ’’کیوں نہیں‘‘۔