عالمی برادری کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے، مودی کی فاشسٹ حکومت نے کشمیریوں کو ان کے پیدائشی اور اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ استصواب رائے کے حق سے طاقت کے بل بوتے پر محروم کر رکھا ہے، وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کا اے پی پی کو انٹرویو

اسلام آباد ۔ 26 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے، مودی کی فاشسٹ حکومت نے کشمیریوں کو ان کے پیدائشی اور اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ استصواب رائے کے حق سے طاقت کے بل بوتے پر محروم کر رکھا ہے،کشمیری کئی دہائیوں سے …

اسلام آباد ۔ 26 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے، مودی کی فاشسٹ حکومت نے کشمیریوں کو ان کے پیدائشی اور اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ استصواب رائے کے حق سے طاقت کے بل بوتے پر محروم کر رکھا ہے،کشمیری کئی دہائیوں سے بھارتی جبر استبداد اور سازشوں کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔ اے پی پی کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں غیرانسانی سلوک اس بات کا متقاضی ہے کہ عالمی برادری اب خواب خرگوش سے بیدار ہو۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کا دن کشمیر کی تاریخ میں ایک اور سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے کشمیریوں کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کیا۔ معصوم کشمیریوں کا فوجی محاصرہ، تشدد، بدترین کرفیو اورلوگوں کے قتل سے کشمیریوں کی زندگیاں بدترین صورتحال سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر بن کر سامنے آئے ہیں، انہوں نے دنیا کی توجہ دلانے کے لئے ہر فورم پر کشمیر کا مسئلہ اٹھایا ہے۔ علی امین نے کہا کہ حکومتی کوششوں سے دنیا کے ایسے ممالک جوکشمیر کے مسئلہ پر ایک لفظ نہیں کہتے تھے، اب وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بھارت پر الزام دیتے ہیں تاہم یہی کافی نہیں ہے کیونکہ بھارت ان کی آوازوں کو مسلسل نظر انداز کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی دلانے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آئین سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کا خاتمہ اقوام متحدہ کی قرادادوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔کشمیریوں نے 5 اگست کے اس فیصلہ کو مسترد کر دیا ہے جس سے ان کی خصوصی حیثیت ختم کی گئی ہے،کشمیری اپنے حق سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ کبھی بھارت کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ اقدام ہندوتوا کے نظریئے اور منشورکا حصہ ہے، پاکستان کبھی بھی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت سے دستبردار نہیں ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں امن وامان کیلئے ایک خطرہ ہے اور اس کی جانب سے کسی قسم کی مہم جوئی خطے کے امن کو برباد کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا نے کشمیر میں 8 لاکھ بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹ جاری کرکے بھارت کا پردہ چاک کیا ہے۔3 سالہ بچے کی 60 سالہ نانا کی میت کے اوپر بیٹھی تصویر بھارتی بربریت کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی فاشسٹ حکومت اور آر ایس ایس نے دنیا کی بڑی جمہوریہ ہونے کے بھارتی دعوے اور سیکولرازم کے فلسفے کو پراگندہ کر دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی مسلح افواج نے پوری وادی کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے اور عوام مواصلاتی بلیک آؤٹ، تشدد، گھروں کو جلانے، عصمت دری، قتل اور کرفیو جیسے غیر انسانی اقدام کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور کوئی طاقت کشمیر اور پاکستان کو جدا نہیں کر سکتی۔

مزید خبریں