عالمی برادری کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے،پارلیمانی سیکریٹری برائےاطلاعات ونشریات بیرسٹر دانیال چوہدری

85

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):پارلیمانی سیکریٹری برائےاطلاعات ونشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر احتجاج کے دوران 8 سے 10 بے گناہ افراد شہید ہو جاتے ہیں،عالمی برادری کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے،کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی ہماری اپنی جدوجہد ہے ۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں پارلیمانی سیکریٹری برائےاطلاعات ونشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ناقابل برداشت ہیں ،کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی ہماری قومی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیر میں ہونے والے مظالم کا فوری نوٹس لینا چاہیے ،کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھنا ایک سنگین انسانی المیہ ہے۔پارلیمانی سیکریٹری بیرسٹر دانیال چوہہدری نے کہا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا ،کشمیری عوام کی جدوجہد کو ظلم کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ آئیں، کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں۔پارلیمانی سیکریٹری برائےاطلاعات ونشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر کی آزادی تک ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے