عالمی بینک کی بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے مسائل اور مشکلات کو کم کرنے کیلئے 213 ملین ڈالر کی کی منظوری

World Bank
World Bank

اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):عالمی بینک نے بلوچستان میں گذشتہ سال آنے والے بدترین سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے مسائل اور مشکلات کو کم کرنے کیلئے 213 ملین ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی،یہ امداد اینٹیگریٹڈ فلڈ ریزیلیئنس اینڈ اڈپٹیشن پراجیکٹ کے تحت دی جا رہی ہے۔ پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے کہا ہے کہ عالمی بینک سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے روزگار اور متاثرہ علاقوں میں تعمیرنو و بحالی کے کاموں میں حکومت بلوچستان کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی مذکورہ امداد سے نہ صرف لوگوں کا روزگار بحال ہو گا بلکہ مستقبل میں سیلاب اور قدرتی آفات سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ 213 ملین ڈالر کی امداد سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیرنو و بحالی کے بڑے پیکیج کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اینٹیگریٹڈ فلڈ ریزیلیئنس اینڈ اڈپٹیشن پراجیکٹ کے تحت 35100 افراد کو گھروں کی تعمیر میں مدد فراہم کی جائے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ کسانوں اور لائیو سٹاک کے شعبہ میں روزگار میں بھی مدد فراہم ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اس پراجیکٹ کے تحت متاثرہ علاقوں میں واٹر سپلائی، ایری گیشن اور دیگر سہولیات کی فراہمی بھی کی جا رہی ہے۔ عالمی بینک کے سینئر واٹر سپیشلسٹ یورو سیدیبے نے بتایا کہ بلوچستان کے قدرتی آفات سے متاثر ہونے کے خدشات زیادہ ہیں جس کی بنیادی وجہ بلوچستان کا جغرافیائی محل وقوع ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی امداد سے متاثرہ کمیونٹیز کو معاشی مواقع فراہم ہوں گے ، منصوبہ سے 2.7 ملین افراد کو فائدہ پہنچے گا۔