عالمی بینک کی درجہ بندی میں پاکستان دنیا کے 190ممالک میں 108ویں نمبر پر آگیا، ایڈیشنل سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ

56

فیصل آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے تحت حکومت کی جانب سے کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کی سنجیدہ کوششوں کے باعث عالمی بینک کی درجہ بندی میں پاکستان دنیا کے 190ممالک میں سے 140 ویں پوزیشن سے 108ویں نمبر پر آگیاہے اور توقع ہے کہ فروری مارچ میں آن لائن بزنس پورٹل شروع ہونے کے بعد پاکستان کا شمار دنیا کی 90اہم معیشتوں میں ہوگا۔ایڈیشنل سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ محمد مکرم جان انصاری نے بدھ کے روزپاکستان ریگولیٹری ماڈرنائزیشن ایشوبارے اہم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 24جون 2019کو پی آر ایم آئی کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں سٹیئرنگ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیااوراس کمیٹی کو کامیاب کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ انہوں نے پی آر ایم آئی کی اب تک کی کوششوں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ یہ تعارفی سیشن کورونا کی وجہ سے آن لائن ہو رہا ہے جبکہ صورتحال بہتر ہونے پر وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت دیگر سرکردہ چیمبر زکا بھی دورہ کریں گے تاکہ ان سے براہ راست مشاورت کی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ پی آر ایم آئی نے اپنے بنیادی مقصد کے حصول کیلئے پہلے نظام کو آن لائن اور یکجا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے کاروباری آسانیوں کے حوالے سے ہماری درجہ بندی میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور توقع ہے کہ اس نتیجہ میں لوگ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کاروبار کے نظام کو باہم مربوط بناکر نیا کاروبار شروع کرنے والوں کیلئے10مراحل کو 5تک محدود کر دیا گیا ہے اسی طرح اجازت نہ ملنے، پراپرٹی کی رجسٹریشن اور بجلی کے کنکشن کے حصول کی مدت میں کمی کے علاوہ آن لائن ٹیکسوں کی ادائیگی کا دورانیہ بھی کم ہوا ہے۔کاروبار کرنیوالوں پرریگولیٹری بوجھ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ نظام میں بہتری اور آسانیاں پیدا کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ اداروں کو مشاورت میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ادارہ جاتی مسائل کے حوالے سے60ایجنسیاں کام کر رہی ہیں جسکی تعداد کوکم کیا جا رہا ہے تاکہ تمام ایک ہی چھت کے نیچے نیا کاروبار شروع کر نیوالوں کوون ونڈوکی سہولت مہیا کی جاسکے۔ تعارفی سیشن میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو ممبرعبداللہ قادری، میاں طاہر یعقوب اور سیکرٹری جنرل ملک عبدالقیوم سمیت ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے سٹاف نے بھی شرکت کی۔