اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):عالمی بینک کے انتظامی بورڈنے خیبرپختونخوامیں صحت اورتعلیمی خدمات میں سرمایہ کاری میں تیزی لانے کیلئے 40 کروڑ ڈالرکی معاونت کی منظوری دیدی ہے، یہ معاونت انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے فراہم کی جائیگی۔
عالمی بینک نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا میں سپیڈپروگرام سے صوبائی حکومت کو صحت اورتعلیمی خدمات کے شعبوں میں انسانی کیپٹل میں سرمایہ کاری کیلئے منصوبہ بندی میں مددملیگی، اس پروگرام کے تحت بجٹ کی تخصیص اورمصارف میں اصلاحات کے نفاذ، صوبہ میں معیاری سکولوں اورصحت کے مراکز کے قیام اورصحت وتعلیمی شعبہ کی خدمات میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنے میں مددملے گی۔
پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے بتایا کہ سپیڈ پروگرام خیبرپختونخوامیں مالیاتی انتظام وانصرام کا ایک موثرپروگرام ہے جو منصوبہ بندی، میزانیہ سازی، پرکیورمنٹ ، سپلائی چین منیجمنٹ میں حائل رکاوٹوں کودورکرنے اورصحت وتعلیمی شعبہ کی خدمات کیلئے وسائل کی فراہمی میں اہم کرداراداکررہاہے۔
انہوں نے کہاکہ اس پروگرام سے سرکاری اخراجات ،مصارف اور خدمات کی فراہمی میں شفافیت لانے بارے صوبائی حکومت کے عزم کی عکاسی ہورہی ہے۔ سپیڈپروگرام کے ٹیم ٹاسک لیڈرریمنڈموہولانے بتایا کہ یہ پروگرام کے پی ریونیو موبلائزیشن اورپبلک ریسورس منیجمنٹ پروگرام کے ساتھ ساتھ چلایا جارہاہے جس کامقصدعوامی خدمات کے دائرہ کارمیں توسیع اوراس میں بہتری لاناہے۔
انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تحت بنیادی صحت کے مراکزمیں ادوایات تک شہریوں بالخصوص خواتین کی رسائی، زچہ وبچہ مراکزکے قیام اوربالخصوص طالبات کے 45 فیصد تعلیمی اداروں میں مناسب تدریسی عملہ کی تعیناتی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔