عالمی تجارتی نمائشیں اور وفود کا تبادلہ ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،میاں ابوذرشاد

99
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

لاہور۔19نومبر (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا ہے کہ عالمی تجارتی نمائشیں اور وفود کا تبادلہ ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ جرمنی نے ان ہی کے ذریعے خود کو عالمی اقتصادی طاقت بنایا اور ہمیں بھی ایسی ہی حکمت عملی اپنانا ہوگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روزلاہور ایکسپو سینٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت ایکسپو سینٹر کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مریم خاور نے کی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ایکسپوسنٹر پاکستان کی صنعتی صلاحیت کو اجاگر اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

انہوں نے ایکسپو سینٹر کے بنیادی ڈھانچے کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اجلاس کے دوران میاں ابوذر شاد نے مریم خاور کے ساتھ تفصیلا تبادلہ خیال کیا اور زور دیا کہ تجارتی نمائشوں کی تعداد اور دائرہ کار کو بڑھایا جائے تاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو بھی زیادہ مواقع مل سکیں۔

مزید برآں، انہوں نے عالمی نمائش کنندگان اور خریداروں کو راغب کرنے کے لیے تیز رفتار مارکیٹنگ حکمت عملی اپنانے کی تجویز دی تاکہ پاکستان کی تجارت کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ایکسپو سینٹر کی سہولیات جدید بڑھاکر کاروباری مواقع پیدا اور ملکی معیشت مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز اور حال ہی میں کاروبار شروع کرنے والوں کو خصوصی رعایات اور سبسڈیز فراہم کی جائیں تاکہ وہ لاہور ایکسپو سنٹر کے پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھاسکیں۔ مریم خاور نے لاہور چیمبر کے صدر کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔