پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے بتایا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ ٹینس آئیکون بیورن بورگ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ یہ دورہ آئی ٹی ایف مینز فیوچرز ٹینس ٹورنامنٹ سیریز کے دوران ہوگا جو 26 اپریل سے 10 مئی 2026 تک پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
عالمی شہرت یافتہ ٹینس آئیکون بیورن بورگ پاکستان کا دورہ کریں گے

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے بتایا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ ٹینس آئیکون بیورن بورگ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ یہ دورہ آئی ٹی ایف مینز فیوچرز ٹینس ٹورنامنٹ سیریز کے دوران ہوگا جو 26 اپریل سے 10 مئی 2026 تک پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ ان ٹورنامنٹس میں دنیا بھر سے 200 سے زائد بین الاقوامی کھلاڑی شرکت کریں گے جس سے یہ پاکستان میں منعقد ہونے والے سب سے بڑے بین الاقوامی ٹینس ایونٹس میں سے ایک بن جائے گا۔ بیورن بورگ ٹینس کی تاریخ کے سب سے بااثر کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔
انہوں نے 1970 کی دہائی اور 1980 کی ابتدائی مدت میں ٹینس کی دنیا پر حکمرانی کی، 109 ہفتوں تک عالمی نمبر ون رہے اور 11 گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتے، جن میں چھ فرنچ اوپن اور مسلسل پانچ ومبلڈن چیمپئن شپ شامل ہیں۔ فیڈرر اور نڈال کے دور سے پہلے ہی وہ ایک عالمی سپورٹس آئیکون کے طور پر پہچانے جاتے تھے اور ان کا دورہ پاکستان ٹینس کے لئے ایک بڑا اعزاز ہے۔
یہ تاریخی دورہ ماضی میں ہونے والی دیگر اہم سپورٹس شخصیات کے دوروں کے تسلسل میں ہے جن میں باکسنگ لیجنڈ محمد علی بھی شامل ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ بیورن بورگ کا دورہ پاکستان میں ہونے والے نمایاں بین الاقوامی سپورٹس دوروں میں شمار ہوگا۔ ان کا یہ دورہ اپنی فیملی (اہلیہ اور دو بیٹوں) کے ہمراہ پاکستان میں ٹینس کے عالمی تشخص کو مزید مضبوط کرے گا اور ملک بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کے لئے باعثِ تحریک ہوگا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے کہا کہ بین الاقوامی سپورٹس شخصیات کے بڑھتے ہوئے دورے اس بات کا ثبوت ہیں کہ فیڈریشن ٹینس کے فروغ اور پاکستان کو ایک محفوظ اور پرکشش سپورٹس مقام کے طور پر پیش کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
اعصام الحق قریشی نے مزید کہا کہ بیورن بورگ کا دورہ پاکستان کے عالمی امیج اور ملک میں ٹینس کے فروغ کے لئے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور پی ٹی ایف انتظامیہ نے بھی اس عظیم ٹینس لیجنڈ کے دورے پر خوشی کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ اس دورے کی کامیابی اور ایونٹ کے بہترین انعقاد کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔








