عالمی میڈیا نے بانی پی ٹی آئی کو "ڈس گریس پرائم منسٹر” کا لقب دیدیا ہے ، بانی تحریک انصاف اپنی حرکتوں کی وجہ سے پابند سلاسل ہیں، بیرسٹر عقیل ملک

101
حکومت کی بنیادی توجہ اقتصادی بہتری اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر ہے، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ عالمی میڈیا نے بانی پی ٹی آئی کو "ڈس گریس پرائم منسٹر” کا لقب دیدیا ہے ، بانی تحریک انصاف کی حقیقت دنیا کے سامنے عیاں ہوگئی ہے، عمران خان حکومت نہیں بلکہ اپنی حرکتوں کی وجہ سے پابند سلاسل ہیں۔وہ جمعرات کو یہاں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ رواں سال جنوری سے اگست تک بانی پی ٹی آئی کے 132 ریاست مخالف مضامین شائع ہوئے ہیں، بی بی سی نے 14 ، نیو یارک ٹائمز نے 13 آرٹیکلز لکھے، گارڈین نے 10 آرٹیکل لکھے، الجزیرہ نے 8 آرٹیکلز لکھے، واشنگٹن پوسٹ ، بلوم برگ پوسٹ اور فائنینشل ٹائمز نے 6،6 آڑٹیکلز لکھے اور یہ تمام تر آپریشن گولڈ اسمتھ کے تحت کیا گیا ہے جس میں ایک منظم منصوبہ بندی کے ذریعےبانی پی ٹی آئی کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

پاکستان کے خلاف ایک منفی پروپیگنڈا کیے جانے کے حوالے سے بین الاقوامی جریدوں کو جس طرح استعمال کیا گیا جس طرح ان سے من پسند بیانیے بنائے گئے وہ سب قوم کے سامنے آچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی حرکات و سکنات کی وجہ سے ہی پابند سلاسل ہیں، وہ نہ حکومت کی خواہش پر نہ کسی شخص کی خواہش پر جیل میں ہیں، وہ گھڑی چوری ، 190 ملین پاؤنڈ کیس اور انتشار پھیلانے کی وجہ سے جیل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر کس کا دیا ہوا تحفہ ہے، سب جانتے ہیں وہ آپ کا دیا ہوا تحفہ ہے، اپنے دور حکومت میں جس طرح آپ نے طالبان کو دہشت گردوں کو دوبارہ بسایا اور جیلوں سے ان کو آزاد کیا، آج پاکستانی قوم اس کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔