فیصل آباد ۔ 24 دسمبر (اے پی پی):عالمی ٹور کرنے والے جرمن سائیکلسٹ مرکن گریگور فیصل آباد پہنچ گئے، پولیس لائن کمیونٹی سنٹر کا دورہ کیا۔ سی پی او فیصل آباد کامران عادل نے منگل کو یہاں پہنچنے والے معزز مہمان کا استقبال کیا اور جرمن سائیکلسٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سی پی او کے ہمراہ ایس ایس پی انوسٹی گیشن عبدالوہاب،اے ایس پی گلبرگ رجیندر بھی موجود تھے۔
جرمن سائیکلسٹ نے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے پر سی پی او کامران عادل کا شکریہ ادا کیا۔جرمن سائیکلسٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پر امن اور مہمان نوازی کرنے والا ملک ہے ،خصوصاً فیصل آباد کے لوگوں اور پولیس والوں نے بہت محبت دی۔
جرمن سائیکلسٹ تفتان سے پاکستان کوئٹہ بذریعہ روڈ اور کوئٹہ سے فیصل آباد آیا جہاں سے لاہور اور وہاں سے بھارت جائے گا۔سی پی او کامران عادل نے جرمن سائیکلسٹ کواعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔