عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول اہم ہے، راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ دنیا کو اس وقت موسمیاتی تبدیلی، بھوک، غذائیت کی کمی اور معیاری تعلیم جیسے چیلنجز کا سامنا ہے،پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے قومی اور علاقائی حکمت عملیوں کا از سر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے،موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے نقصانات کے ازالے کیلئے پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول انتہائی ضروری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو 25 ویں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول پر منعقدہ کانفرنس کے موقع پر جنوبی اور جنوب مغرب میں ایس ڈی جیز کا جائزہ لینے کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔سپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے قیمتی جانوں کا ناقابل تلافی نقصان کے ساتھ ساتھ املاک، انفراسٹرکچر، سڑکوں، مکانات، اسکولوں اور بنیادی صحت کے یونٹس کا بھی نقصان ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی ڈپلومیسی میں کامیابیاں حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔سپیکر نے وزیر اعظم کی معاون خصوصی رومینہ خورشید عالم اور کنوینئر ایس ڈی جیز کو ایس ڈی جیز کے حصول کے مقصد کو آگے بڑھانے کے لئے فعال کردار ادا کرنے پر مبارکباد دی۔ کنوینئر پارلیمانی ٹاسک فورس ایس ڈی جیز رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ علاقائی ترقی کے لئے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے مشرقہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

رومینہ خورشید عالم نے موسمیاتی ڈپلومیسی کا معاملہ پیش کرنے پر قومی اسمبلی کے سپیکر کی خصوصی توجہ کو سراہا۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ڈی پی آئی عابد قیوم سلہری، ڈپٹی ہیڈ آف UN ESCAP ڈاکٹر راجن سدیش رتنا کے جنوبی اور جنوب مغربی دفتر کو اسلام آباد میں 25ویں پائیدار کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔