عالمی یوم شہری دفاع کے موقع پر آگاہی واک

171

فیصل آباد۔ 01 مارچ (اے پی پی):ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی عالمی یوم شہری دفاع کا دن منایا گیا اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ اور ضلعی محکمہ سول ڈیفنس کے اشتراک سے آگاہی واک منعقد ہوئی جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد عثمان اور ایڈمن آفیسر ریاض انجم نے کی جبکہ اس موقع پرسول ڈیفنس آفیسر رانا محمد عباس،انچارج ضلعی ایمرجنسی آپریشنل سنٹر، محکمہ تعلیم، صحت، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، کالجز، یونیورسٹیز سمیت دیگر محکموں واداروں کے افسران،طالب علموں اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔واک ضلع کونسل چوک سے شروع ہوکر کچہری بازارپہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شہری دفاع کی ضرورت،اہمیت و افادیت کے بارے میں نعرے درج تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد عثمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہری دفاع کی تربیت بہت بڑی انسانی خدمت ہے اور عالمی دن منانے کا مقصد شہری دفاع کے نظام کو مضبوط رکھنے کا عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس عالمی سطح پر ایک مسلمہ حیثیت کا نظام ہے اور فیصل آباد کی سطح پر اس سسٹم میں گزشتہ سالوں کے دوران جدت لا کر اسے مزید مضبوط اور فعال بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تنظیم شہری دفاع نے ہر آڑے وقت میں اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر بے لوث انسانی خدمت کا بھاری بیڑہ اٹھایا ہوا ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر فرد شہری دفاع کے اصولوں اور حفاظتی تدابیر سے آگاہی حاصل کرے۔انہوں نے کہا کہ آج کے تیزرفتار اور ترقی کے اس دور میں شہری دفاع کی اہمیت پہلے سے بڑھ گئی ہے اور آفات وحادثات کی صورت میں امدادی کارروائی میں شہری دفاع کے ورکرزکا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر مصیبت میں گھرے انسانوں کو بچاتے ہیں۔

انہوں نے شہری دفاع کی تربیت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس کے عالمی دن کو منانے کا مقصد شہری دفاع کے نظریے کو موثرانداز میں اجاگر کرنا ہے۔سول ڈیفنس آفیسر نے کہا کہ شہری دفاع کا عالمی دن ہمیں اس عزم کو دہرانے کی یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنے آپ کو مشکل حالات اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیشہ تیار رکھیں۔انہوں نے بتایا کہ رضاکاروں کو جدید تربیت سے روشناس کرنے کے علاوہ ان کے حالات کار اوراستعداد میں اضافہ کیلئے بھی متعدد پروگرامز کئے جارہے ہیں جبکہ مختلف محکمہ جات کے سٹاف اور صنعتی وسماجی اداروں میں جاکر شہری دفاع کے اصولوں کے بارے میں آگاہی پیدا کی جارہی ہے۔