عالمی یوم ڈینگی پر آر ڈی اے کا ڈینگی فری راولپنڈی کے عزم کا اعادہ

عالمی یوم ڈینگی 2026 کے موقع پر راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ڈینگی کے خاتمے اور شہریوں کو محفوظ، صحت مند اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

راولپنڈی۔ 15 جون (اے پی پی):عالمی یوم ڈینگی 2026 کے موقع پر راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ڈینگی کے خاتمے اور شہریوں کو محفوظ، صحت مند اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے انجینئر عامر خٹک کی ہدایات کے مطابق آر ڈی اے اپنے دائرہ اختیار میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں، آگاہی مہمات اور مؤثر نگرانی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سال عالمی یوم ڈینگی کا پیغام ’’چھوٹا سا کاٹنا، بڑا خطرہ — ڈینگی کو روکیں، زندگیاں بچائیں‘‘ہے، جو اس بیماری کے خلاف اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ آر ڈی اے نے زیر تعمیر عمارتوں، خالی پلاٹوں اور دیگر مقامات کی مسلسل نگرانی کا عمل تیز کر دیا ہے تاکہ کہیں بھی پانی جمع نہ ہونے پائے اور ڈینگی مچھر کی افزائش کے امکانات ختم کیے جا سکیں۔ اس سلسلے میں خصوصی انسپکشن ٹیمیں متحرک ہیں جو انسداد ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کی ہدایت پر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں عمارتوں اور تجارتی مراکز کو سیل بھی کیا جا رہا ہے۔ آر ڈی اے نے شہریوں، بلڈرز اور پراپرٹی مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں، دفاتر اور تعمیراتی مقامات کو صاف ستھرا رکھیں اور پانی جمع نہ ہونے دیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پانی کے برتنوں کو ڈھانپ کر رکھیں، گملوں، چھتوں، صحنوں اور نالیوں میں جمع پانی فوری ختم کریں، مچھر دانی اور مچھر بھگانے والی ادویات کا استعمال کریں اور مکمل آستین والے کپڑے پہن کر خود کو محفوظ بنائیں۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ ڈینگی ایک قابلِ تدارک بیماری ہے اور اس کے خاتمے کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ انسدادِ ڈینگی اقدامات میں متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ راولپنڈی کو ڈینگی سے پاک شہر بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آر ڈی اے شہر میں انسدادِ ڈینگی قوانین پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھے گا اور عوامی آگاہی کے ذریعے ڈینگی کے خطرات سے محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا۔