پاکستان نے ایران امریکہ تنازعہ کے پُرامن حل کو ممکن بنایا ،یہ کامیابی ہم سب کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے، مرتضیٰ سولنگی
پاکستان نے ایران امریکہ تنازعہ کے پُرامن حل کو ممکن بنایا ،یہ کامیابی ہم سب کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے، مرتضیٰ سولنگی

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):صدر مملکت کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران امریکہ تنازعہ کے پُرامن حل کو ممکن بنایا ،یہ کامیابی ہم سب کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
پیر کو ایکس پر اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج جن کی قیادت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی، ہماری وزارتِ خارجہ، جس کی سربراہی اسحاق ڈار نے کی، ہماری حکومت، جس کی قیادت وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کی اور ہماری ریاست، جس کی نمائندگی صدر آصف علی زرداری نے کی، سب نے ان سو سے زائد دنوں کے دوران حوصلے، عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ دن رات اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر کردار ادا کیا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہمارے صحافیوں، ماہرینِ تعلیم، سفارتکاروں اور دیگر متعلقہ افراد نے بھی شبانہ روز محنت کی تاکہ تمام رکاوٹوں اور ان عناصر کی سازشوں کے باوجود جو کسی تعارف کے محتاج نہیں، یہ کوشش کامیاب ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں نے بھی مذاکرات کے دوران طویل ٹریفک جام اور کاروباری مراکز کی بندش جیسی مشکلات برداشت کیں لیکن احتجاج نہیں کیا کیونکہ وہ اسے امن کے قیام کے لئے اپنی ایک معمولی سی خدمت سمجھتے تھے۔
اس پورے بحران کے دوران ہم ایک مربوط اور منظم مشین کی طرح کام کرتے رہے۔یہ منظر ایک عظیم سمفنی آرکسٹرا کی مانند تھا جہاں درجنوں ساز اپنے مقررہ وقت، درست آہنگ، مناسب رفتار اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ بج رہے ہوں۔یہ کامیابی ہم سب کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے، اب اپنے آپ کو داد دیجیے کیونکہ آپ سب اس کے مستحق ہیں۔








