صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان (کل) 16 جون کو مالی سال 2026-27 کا مجوزہ بجٹ منظوری کے لیے پنجاب اسمبلی میں پیش کریں گے۔ بجٹ پیش کرنے سے قبل صوبائی کابینہ سے اس کی باقاعدہ منظوری لی جائے گی
بجٹ میں تعلیم، صحت، کاروبار اور سماجی تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رہیں گے، مجتبیٰ شجاع الرحمان

مزید خبریں
لاہور۔15جون (اے پی پی):صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان (کل) 16 جون کو مالی سال 2026-27 کا مجوزہ بجٹ منظوری کے لیے پنجاب اسمبلی میں پیش کریں گے۔ بجٹ پیش کرنے سے قبل صوبائی کابینہ سے اس کی باقاعدہ منظوری لی جائے گی۔وزیر خزانہ اسمبلی اراکین کو بجٹ تجاویز، مالی حکمت عملی اور آئندہ سال کے ترقیاتی و فلاحی خدوخال سے آگاہ کریں گے۔ مالی سال 2026-27 کا بجٹ وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت کا تیسرا بجٹ ہوگا ،جسے عوام دوست پالیسیوں اور ترقیاتی وژن کا عکاس قرار دیا جا رہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں صوبائی وسائل میں اضافے، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور مالی نظم و ضبط کو مزید موثر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے مالی سال میں حکومت کی خصوصی توجہ کاروبار اور صنعت کے فروغ پر مرکوز ہوگی تاکہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ تعلیم، صحت اور سماجی تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رہیں گے جبکہ عوامی فلاح و بہبود کے جاری منصوبوں کو مزید موثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سماجی تحفظ کے تمام اہم پروگرام آئندہ بجٹ میں بھی جاری رکھے جائیں گے اور بجٹ کے وسائل کو براہِ راست عوامی بہبود اور معیارِ زندگی میں بہتری سے منسلک کیا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کا بجٹ 2026-27 عوامی توقعات کے مطابق معاشی استحکام، ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔







