ڈپٹی کمشنراحسان علی جمالی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی جانب سے کسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مراعات کے مؤثر استعمال سے ملک میں زرعی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے
کسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے ملک میں زرعی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے ،ڈپٹی کمشنر

مزید خبریں
دریاخان۔ 15 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنراحسان علی جمالی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی جانب سے کسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مراعات کے مؤثر استعمال سے ملک میں زرعی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گندم پیداواری مقابلہ جات 2025-26 میں ضلع بھکر میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے زمینداروں میں محکمہ زراعت حکومت پنجاب کی جانب سے انعامی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) سید کاظم حسین شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گندم پیداواری مقابلہ جات کے لیے ضلع بھر سے 98 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 77 اہل کاشتکاروں کے پلاٹس کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنرکی نگرانی میں ضلعی کمیٹی کے اراکین کی موجودگی میں ضلع بھر سے 10 بہترین پلاٹس کا انتخاب کیا گیا اور مقررہ شیڈول کے مطابق ان کی کٹائی کر کے پیداوار کا جائزہ لیا گیا۔مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے عون رضا سکنہ خانانی نوتک نشیب کو 10 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طارق سلیم سکنہ موضع گڑھ منکیرہ کو 8 لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے شہباز اختر سکنہ ملانہ ڈگر کلورکوٹ کو 5 لاکھ روپے کا انعامی چیک دیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) بھکر غلام یٰسین اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کلورکوٹ ڈاکٹر سجاد حسین بھی موجود تھے۔انعامی چیک تقسیم کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے کامیاب زمینداروں کو مبارکباد دی اور محکمہ زراعت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھکر میں اب تک وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں 1719 گرین ٹریکٹرز اور "زیادہ گندم اگاؤ مہم” کے تحت 51 مفت ٹریکٹرز فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ کسان کارڈ پروگرام کے تحت ضلع بھکر کے 27 ہزار 85 زمینداروں کو تقریباً 4 ارب روپے کے بلاسود قرضے جاری کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اب ضلع بھکر کے محنتی کاشتکاروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومتی مراعات اور جدید زرعی سہولیات سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کریں اور زرعی خودکفالت کے قومی ہدف کے حصول میں اپنا کردار ادا کریں۔تقریب کے اختتام پر انعام یافتہ زمینداروں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی کسان دوست پالیسیوں اور زرعی ترقی کے لیے متعارف کرائی گئی مختلف اسکیموں کو سراہتے ہوئےحکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا ۔







