سڈنی۔3جنوری (اے پی پی):پاکستان کے فاسٹ بائولر عامر جمال ڈیبیو ٹیسٹ سیریز میں ففٹی پلس سکور اور 5 یا زائد وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
بدھ کے روز سڈنی میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز عامر جمال نے مشکل وقت میں 82 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا جبکہ اس سے قبل انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آغاز پر اپنے ڈیبیو میچ کی پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کی تھیں،
اس طرح عامر جمال اپنی ڈیبیو ٹیسٹ سیریز میں ففٹی پلس سکور اور پانچ یا زائد وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ واضح رہے کہ عامر جمال اورمیر حمزہ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اننگز میں پاکستان کی جانب سے آخری وکٹ میں 86رنز بنا کردوسری بڑی پارٹنرشپ قائم کی ہے۔
پاکستان کی جانب سے کینگروز کے خلاف آخری وکٹ میں بڑی شراکت کا ریکارڈ آصف اقبال اور اقبال قاسم کے پاس ہے جنہوں نے 1976میں ایڈیلیڈٹیسٹ میں آخری وکٹ میں 87رنز بنائے تھے۔