کراچی۔ 25 دسمبر (اے پی پی):عام انتخابات 2024 کیلئے سندھ میں مجموعی طور پر 9140 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں، سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 جنرل نشستوں کیلئے 2555 فارم جمع کروائے گئے ہیں جبکہ سندھ کی صوبائی اسمبلی کی 130 جنرل نشستوں کیلئے 6585 فارم جمع کروائے گئے ہیں۔ دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ، کراچی میڈیا کو آرڈینیشن اینڈ آئوٹ ریچ ونگ سے پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 30 دسمبر تک جاری رہے گی۔
انہوں نے تمام امیدواروں کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل در آمد کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ تمام امیدوار ظابطہ اخلاق پر عمل در آمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے پر امن، صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد کیلئے تمام تر وسائل کو بروے کار لایا جائے گا، الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، ہمارا عزم ہے کہ انتخابات کے آزادنہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنائیں۔