عام انتخابات، پولنگ کے موقع پرکسی امیدوار یا جماعت کو پولنگ سٹیشن کی 100 میٹر کی حدود میں کیمپ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی

204
Election
Election

فیصل آباد ۔ 07 فروری (اے پی پی):عام انتخابات کی پولنگ کے موقع پرآج8 فروری کوکسی امیدوار یا جماعت کو پولنگ سٹیشن کی 100 میٹر کی حدود میں اپنے انتخابی کیمپ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم سیاسی جماعتیں اور امیدواران و الیکشن ایجنٹ یا ان کے حمایتی دیہی علاقوں میں پولنگ سٹیشنز سے 400 میٹر کے فاصلے پر اور گنجان آبادی والے شہری علاقوں میں 100 میٹر کے فاصلے پر اپنے کیمپ لگا سکیں گے۔

الیکشن کمیشن فیصل آباد کے ترجمان نے تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو مطلع کیاکہ ضابطہ اخلاق کی شق نمبر 48 اور 49 کے مطابق پولنگ کے موقع پرپولنگ اسٹیشن کے 400 میٹر کی حدود میں کسی قسم کی مہم، ووٹرز کو ووٹ کے لیے قائل کرنے، ووٹر سے ووٹ ڈالنے یا نہ ڈالنے کی التجا کرنے اور کسی خاص امیدوار کے لیے مہم چلانے پربھی سختی سے پابندی ہوگی اسی طرح 100 میٹر کے اندر کسی خاص امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لیے ووٹرز کی حوصلہ افزائی یا اس کو ووٹ نہ ڈالنے کے لیے حوصلہ شکنی پر مشتمل نوٹس، علامات،بینرز یا جھنڈے لگانے پر مکمل طور پر پابندی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز،ریٹرننگ آفیسرز اور پولیس و انتظامی حکام مذکورہ شقوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے جس کی خلاف ورزی غیر قانونی فعل تصور کی جائے گی جس پر قانون کے مطابق سخت کاروائی ہوگی۔