فیصل آباد ۔ 27 جنوری (اے پی پی):فیصل آباد میں ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح قومی اسمبلی کی 10 اور صوبائی اسمبلی کی 21نشستوں پرمنعقد ہونے والے عام انتخابات کے سلسلہ میں شہر میں جگہ جگہ امیدواروں کے انتخابی دفاتر کھل گئے ہیں جہاں مختلف سیاسی جماعتوں سمیت آزاد امیدواروں کے ووٹرز کا جم غفیر دیکھنے میں آرہا ہے۔
امیدواروں اور ان کے سپورٹرز کی جانب سے ووٹرز کو ان کے ووٹوں،متعلقہ پولنگ سٹیشنز، انتخابی نشانات اور دیگر ضروری امور بارے آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔ اسی طرح امیدواروں کے ڈیروں اور ان کے انتخابی دفاتر میں آنیوالے ووٹرز کی خاطر مدارت، آؤ بھگت اورچائے و کھانوں سے تواضح کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ جہاں الیکشن کی آمد کے باعث کئی دیگر کاروبار چمک اٹھے ہیں وہیں کیٹرنگ اور کرایہ پر کرسیاں، میز، ٹینٹ قناعتیں،کھانے پینے کے برتن فراہم کرنےوالوں کی بھی چاندی ہوگئی ہے۔
علاوہ ازیں ڈسپوزل برتن بیچنے والے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے میں کسی سے پیچھے نہ رہے ہیں۔ شہری حلقوں میں جہاں مختلف امیدواروں کے درمیان کانٹے کے مقابلے ہورہے ہیں وہاں خواتین اور نوجوانوں کا جوش و خروش بھی دیدنی ہے اور وہ گھر گھر جاکر اپنے امیدواروں کے حق میں ووٹ مانگ رہے ہیں۔