عام انتخابات مردم شماری اور نئی انتخابی حلقہ بندی کے بعد ہوں گے، وفاقی وزیر امین الحق

147

کراچی۔12جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات مردم شماری اور اس کے بعد انتخابی حلقوں کی نئی حد بندیوں کے بعد کرائے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں ڈیجیٹل اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شفاف اور ہمہ گیر مردم شماری ایم کیو ایم پاکستان اور دیگر سیاسی جماعتوں کا دیرینہ مطالبہ ہے تاکہ ہر شہری کو شمار کیا جا سکے۔ حکومت نے ڈیجیٹل مردم شماری کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان میں پہلی مرتبہ ہونے والی ڈیجیٹل مردم شماری کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری کے پہلے مرحلہ میں ڈیٹا اکٹھا کرنے کا کام مارچ میں مکمل ہو جائے گا جبکہ مردم شماری کے نتائج رواں سال اگست کے آخر تک دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں عام انتخابات کا اعلان جلد بازی میں نہیں کیا جا سکتا اور جو لوگ جلد انتخابات کے انعقاد کا خواب دیکھ رہے ہیں انہیں درست وقت کا انتظار کرنا ہو گا۔

امین الحق نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان آج کے دن متحد ہونے جارہی ہے اور کچھ رہنما دوبارہ پارٹی میں شامل ہورہے ہیں، پوری قیادت ملکرآئندہ انتخابات ایک ہی انتخابی نشان پتنگ کے تحت لڑے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک جمہوری جماعت ہے جو ہمیشہ اپنے کارکنوں، حامیوں اور ووٹرز کے ساتھ کھڑی رہی اور پتنگ کے نشان پر متعدد انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ جب بھی آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہوں گے تو ایم کیو ایم کامیاب ہوگی۔