لاہور۔24مارچ (اے پی پی):معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عدالتوں اور ضمانتوں کے پیچھے چھپنے سے مریم نواز کی کرپشن نہیں چھپ سکتی۔ مریم نواز عدالتوں سے چھپن چھپائی کھیل رہی ہیں۔ن لیگ نے دھونس دھمکی اور دھاندلی کی سیاست کی اور سیاست اور جمہوریت دونوں کا چہرہ مسخ کیا۔ ن لیگی مافیا نے قبضے کئے اور لاقانونیت کی تمام حدیں پار کر کے مقامی سطح پر وسائل ہڑپ کئے جس سے عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی۔ پی ٹی آئی حکومت عوام کو ان کے حقوق لوٹا رہی ہے۔ ہر ضلع میں یونیورسٹی بنانا بزدار حکومت کا عزم ہے۔ ہر ضلع کو اس کا حق ملے گا۔
بد ھ کے روز حافظ آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ماضی میں ترقی کا پہیہ رائیونڈ سٹیٹ تک محدود رہا۔ سابقہ حکومتوں نے مقامی سطح پر مسائل سے پہلو تہی کی جبکہ وزیراعلی عثمان بزدار نے گراس روٹ لیول پر معاملات کی خود نگرانی کا فیصلہ کیا ہے اور عوام کو یکساں سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد کیلئے ضلعی سطح پر دوروں کا ایک روڈ میپ تشکیل دیا ہے ۔
وزیر اعلی ہر ضلع کا دورہ کرکے مقامی سطح پر مسائل سے آگاہی حاصل کریں گے اور مسائل کے حل کیلئے اقدامات کا جائزہ لیں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ابتدائی طور پر وزیراعلی پنجاب نے بدھ کو گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور حافظ آباد کا دورہ کیا اور اربوںروپے کے ترقیاتی پیکج سے قوم کے دل جیت لیے ہیں۔36 اضلاع کیلئے ڈویلپمنٹ پیکیج عوامی نمائندوں کی مشاورت سے تشکیل دیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ترقی کا رخ پنجاب کے محروم اور پسماندہ علاقوں کی طرف موڑ دیا ہے۔ترقی ہر علاقے کا حق ہے، ہم عوام کو ان کا حق لوٹائیں گے۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے شیخوپورہ کیلئے 10 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا اورترقی کے سفر میں شیخوپورہ کے تمام شہراور دیہات شامل کئے گئے ہیں۔شیخوپورہ کو ایل ڈی اے کی حدود سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وہاں وارث شاہ یونیورسٹی بنانے جارہے ہیں اور اس یونیورسٹی کے قیام کیلئے تمام تر ضروری کارروائی تیزی سے مکمل کی جا رہی ہے۔
صحافیوں کے مسائل حل کئے جائیں گے،صحافیوں کو ترجیحی بنیادوں پر ہیلتھ کارڈ دیئے جائیں گے۔ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت حافظ آباد کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے نئے منصوبے شروع کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حافظ آباد کیلئے7ارب 20کروڑ روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیاہے۔حافظ آباد میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے پراجیکٹ پر تیزی سے کام ہوگا۔یونیورسٹی آف حافظ آباد کیلئے اراضی مختص کر دی گئی ہے۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی نئی عمارت کیلئے بھی زمین الاٹ کر دی گئی ہے۔حافظ آباد کیلئے ترقیاتی پیکیج اراکین اسمبلی کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گوجرانوالہ میں 7ارب 84کروڑ روپے کے 4منصوبوں کا افتتاح کیا جس میں گکھڑ سپورٹس ارینا،گوجرانوالہ آرٹس کونسل ایڈیٹوریم شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلی حکومت ہے جو مقامی سطح پر عوام کا معیار زندگی بلند کر رہی ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار گلی گلی نگر نگر جا کر مقامی سطح پر مسائل سے آگاہی اور انکے تدارک کیلئے فوری اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ہم نے عوام کو مافیا سے آزاد کرالیا ہے اب صرف جمہور کی حکمرانی ہوگی۔قبضہ مافیا کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے,اب دھونس دھمکی اور غنڈہ گردی کی سیاست نہیں چلے گی۔
اب صرف ترقی اور خوشحالی کا دور چلے گا,اور بلا تفریق اور بلاامتیاز ہر علاقہ ترقی و خوشحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔پی ڈی ایم مافیا سڑتا کڑہتا رہے گا اور پی ٹی آئی ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے مشن پر گامزن رہے گی۔