عدالت عالیہ کا غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف دائر درخواست پر جواب طلب

لاہور ہائیکورٹ نے پابندی کے باوجود جاری غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت جون کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے ہوم سیکرٹری پنجاب سے بعض دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی متفرق درخواست پر جواب طلب کر لیا۔

لاہور۔21مئی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے پابندی کے باوجود جاری غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت جون کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے ہوم سیکرٹری پنجاب سے بعض دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی متفرق درخواست پر جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے ہوم سیکرٹری کی تازہ رپورٹ کی روشنی میں درخواست گزار کے وکیل سے بھی جواب الجواب طلب کر لیا۔جسٹس ملک اویس خالد نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت ہوم سیکرٹری پنجاب نے عدالت میں رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ بسنت کے دوران53 افراد ہلاک ہوئے، کرنٹ لگنے سے 3، درختوں، چھتوں سے بالترتیب 2،12 افراد جان کی بازی ہار گئے، ڈور گلے پر پھرنے سے65 افراد شدید زخمی ہوئے۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ بسنت کے خاتمے کے باوجود پتنگ بازی کا سلسلہ جاری ہے اور غیر قانونی پتنگ بازی شہریوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ غیر قانونی پتنگ بازوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا جائے۔