اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ تحریک عدم اعتماد کو بغیر ووٹنگ مسترد کرنے پر پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال پر لیے گئے نوٹس کیس کو سن رہا ہے، فل کورٹ کی تشکیل کا معاملہ چیف جسٹس کا اختیار ہے۔
پیر کو یہاں سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کے کچھ ممبران نے اعتراض اٹھایا کہ انہیں فل کورٹ بینچ چاہیے ، یہ چیف جسٹس کا اختیار ہے کہ فل کورٹ تشکیل دینا ہے کہ نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ عدم اعتماد کو بغیر ووٹنگ مسترد کرنے پر پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال پر لیے گئے نوٹس کیس کو سن رہا ہے،واضح ہے کہ عدالت عظمی اس کیس کو صراحت سے سننا چاہتی ہے،اپوزیشن کو عدلیہ کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔
جہانگیر ترین اور علیم خان سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا ان سے متعلق کچھ نہیں کہنا چاہتا۔ دھمکی آمیز خط سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا یہ حساس معاملہ ہے اس وقت بات کرنا مناسب نہیں،جلد اس پر بھی بتا دیا جائے گا ۔