لاہور۔8اکتوبر (اے پی پی):لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 5 اکتوبر کو لاہور میں احتجاج اور جلاو گھیرائو کے الزام میں درج ایک اور مقدمہ میں تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل و معروف وکیل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے2لاکھ روپے کے ذاتی مچلکوں کے عوض 16 اکتوبر تک عبوری ضمانت کی منظور دی ۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے منگل کو کیس کی سماعت کی۔سلمان اکرم راجہ نے تھانہ شفیق آباد کے مقدمے میں اپنی عبوری ضمانت کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت سے رجوع کیا ہے ۔پولیس نے لاہور میں احتجاج اور جلاو گھیرائو کے واقعات میں سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماوں کو ایف آئی آرز میں نامزد کر رکھا ہے۔ گزشتہ روز سلمان اکرم راجہ نے تین دیگر مقدمات میں بھی عبوری ضمانت کے لیے درخواستیں دائر کی تھیں، جنہیں عدالت نے منظور کر لیا تھا۔